بغیر چھت کے گھر، آئی ڈی پیز کے منتظر
شکائی: پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کی ایجنسی جنوبی وزیرستان میں فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والے گھروں کی چھتیں پاک فوج نے ہٹا دی ہیں تاکہ اس بات کا 'فضائی جائزہ' لیا جاسکے کہ کہیں عسکریت پسندوں نے وہاں پناہ تو نہیں لے رکھی۔
جنوبی وزیرستان کبھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک مضبوط گڑھ رہا ہے، جہاں عسکریت پسند آرام سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے تھے تاہم فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شمال مغرب میں واقع اس پہاڑی علاقے کو 'آخری دہشت گرد' سے بھی خالی کروایا جاچکا ہے۔
اور اب افغانستان کی سرحد سے منسلک پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کے اس علاقے میں ہزاروں بے گھر خاندانوں کو خوش آمدید کہا جارہا ہے، جن میں سے اکثر کو محفوظ جائے پناہ کی پیشکش بھی نہیں کی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں میڈیا کو آرمی کے ہیلی کاپٹر میں مکین، لدھا اور کنی گُرم کے علاقوں کا ایک فضائی دورہ کروایا گیا۔