پاکستان

آپریشن کے بعد وزیراعظم کیلئے مودی کے پھول

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی نواز شریف کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے پھول بھجوائے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کو پھولوں کا تحفہ بھیجا اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے وزیراعظم کے لیے بھیجا گیا پیغام بھی شیئر کیا، جس میں انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

بان کی مون کا کہنا تھا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ وزیراعظم کے دل کا آپریشن کامیاب ہوا اور وہ دعاگو ہیں کہ نوازشریف جلد صحت یاب ہوں۔

بان کی مون نے اقوام متحدہ کی حمایت پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور اقوام متحدہ اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل 31 مئی کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔

آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا، ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیراعظم رمضان کے اختتام سے قبل وطن لوٹیں گے'

قبل ازیں مریم نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ 'اللہ رب العزت کی مہربانی سے وزیراعظم کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔

وزیراعظم کے آپریشن کے لیے امریکا سے دو ماہر امراض قلب کو لندن بلایا گیا تھا، جبکہ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

آپریشن سے قبل ملک بھر میں وزیر اعظم نواز شریف کے آپریشن اور صحت یابی کی دعائیں کی گئیں، اس سلسلے میں مختلف عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ اسکولوں میں بھی بچوں نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن سے قبل نواز شریف کا مودی کو فون

یاد رہے کہ آپریشن سے قبل وزیراعظم نے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے گذشتہ روز ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں آپریشن کامیاب رہا اور رمضان کے اختتام سے قبل ان کی وطن واپسی کا امکان ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔