پاکستان

اسلام آباد میں آندھی اور بارش، 5 افراد ہلاک

120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی شدید آندھی کے باعث جڑواں شہروں میں کئی درخت اور مکانات کی چھتیں گر گئیں۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز آندھی اور بارش کے باعث کم سے کم 5 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 148 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جس کے بعد جڑواں شہروں کے 70 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شدید آندھی آئی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی اور دارالحکومت آنے والی پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ مارگلہ ٹاؤن میں گھر کی چھت گرنے سے ماں اور 2 بیٹیاں جبکہ ایف 7 اور بہارہ کہو میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔

ادھر پولی کلینک میں 40 زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لایا گیا جبکہ پمز ہسپتال میں 10 زخمی لائے گئے تھے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے— فوٹو: آن لائن

اسلام آباد میں شدید آندھی سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے— فوٹو: آن لائن

وفاقی دارالحکومت میں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی اندھی کے بعد کا منظر— فوٹو: آن لائن

جڑواں شہروں میں شدید آندھی سے ہونے واللی تباہی کا ایک منظر — فوٹو: آن لائن

اسلام آباد میں شدید آندھی کے باعث 5 افراد ہلاک ہوئے — فوٹو: آن لائن

اسلام آباد میں آندھی کے باعث تباہی کا ایک منظر، پی آئی اے نے پروازیں معطل کردیں — فوٹو: آن لائن


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔