پاکستان

نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری

وزیراعظم کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور انھیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا، مریم نواز
|

لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہسپتال میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی جنہیں آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم کی طبیعت بہتر ہے، ان کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔

آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا، ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب سرجری کے بعد وزیر اعظم کی صحت بہتر ہے، ان کے ساتھ والدین اور قوم کی دعائیں ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس موقع پر پورے ملک نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، یہ ایک ایسا موقع ہے کہ اس قومی یکجہتی کو آگے بڑھایا جائے، اور تلخیوں کو ختم کرکے ملک کی خدمت کے لیے خود کو کمربستہ کرنا چاہیے، سیاسی جماعتوں کی قیادت سمیت سب نے نیک جذبات کا اظہارکیا۔

وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی میڈیا سے گفتگو ان کے کامیاب آپریشن کے حوالے سے بتایا۔

قبل ازیں مریم نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ 'اللہ رب العزت کی مہربانی سے وزیراعظم کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور انھیں آئی سی یو منتقل کردیا جائے گا۔'

مریم نواز نے وزیراعظم کے لیے دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنی ایک ٹوئیٹ میں قوم کی جانب سے دعاؤں پر شکر گزاری کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی سرجری کامیابی سے جاری ہے اور دعائیں معجزہ دکھا رہی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق آپریشن سے قبل وزیر اعظم اپنی صحت کے حوالے سے پرعزم اور ہشاش بشاش دکھائی دیئے اور انہوں نے اپنے اہلخانہ سے بات بھی کی۔

وزیراعظم نے والدہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔

آپریشن تھیٹر کے باہر نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز، بیٹا حسین نواز اور بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے، جبکہ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہسپتال آنے سے منع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیراعظم کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی'

وزیراعظم کے آپریشن کے لیے امریکا سے دو ماہر امراض قلب کو لندن بلایا گیا تھا، جبکہ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

آپریشن سے قبل ملک بھر میں وزیر اعظم نواز شریف کے آپریشن اور صحت یابی کی دعائیں کی گئیں، اس سلسلے میں مختلف عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ اسکولوں میں بھی بچوں نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

لاہور میں وزیراعظم کے آپریشن کی سرجری کی کامیابی اور جلد صحت یابی کے لیے بکروں کی قربانی بھی دی گئی۔

مزید پڑھیں: 'طبی دورے' پر وزیراعظم کی لندن میں شاپنگ

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عالمی رہنماؤں نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ان رہنماؤں میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، افغانستان کے صدر اشرف غنی، تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف اور برطانوی وزیرخارجہ فلپ ہیمنڈ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن سے قبل نواز شریف کا مودی کو فون

گزشتہ روز وزیر اعظم نے دل کے آپریشن سے قبل ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کابینہ سے بجٹ کی منظوری

قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی ویڈو لنک کے ذریعے صدارت کی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئیں بجٹ تجاویز کی منظوری بھی دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں 1400ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دی گئی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔