جی میل کا یہ فیچر آپ کو معلوم ہے؟
اگر آپ کا ای میل ایڈریس dawn.news@dawn.com ہو اور آپ dawnnews@dawn.com کو ای میل کریں تو آپ کا میسج باﺅنس ہوکر واپس آجائے گا کیونکہ اس نام کا کوئی اکاﺅنٹ نہیں۔
تاہم اگر آپ گوگل کی میل سروس جی میل استعمال کرتے ہیں تو یہ ڈاٹ اس میں کوئی معنی نہیں رکھتا۔
جی ہاں گوگل نے جی میل کو دیگر ای میل سروسز سے مختلف رکھنے کے لیے یا نمایاں کرنے کے لیے اس کے آغاز سے ہی کچھ الگ کام کیا تھا۔
اس کے لیے جی میل میں صارفین کے ای میل ایڈریسز میں موجود ڈاٹس کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گوگل کے ہیلپ فورم میں بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کا ای میل ایڈریس hom.er.j.sim.ps.on@gmail.com تو ضروری نہیں کہ دوست یا واقف کار اس میں موجود تمام ڈاٹس ڈالیں بلکہ homerjsimpson@gmail.com ڈال کر بھی ای میل کی جاسکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر جی میل میں نیا نہیں بلکہ برسوں سے موجود ہے مگر لاتعداد افراد کو اس کا علم ہی نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ جی میل استعمال کرنے والے افراد اپنے دوستوں یا دیگر افراد کو جی میل ایڈریس بتاتے ہوئے اس میں ڈاٹ کا ذکر لازمی طور پر کرتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں ایسا نہ کرنے پر ای میل کہیں اور نہ پہنچ جائے۔
اور اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دیگر کمپنیوں کی سروسز جیسے مائیکروسافٹ، یاہو میل، ایپل آئی کلاﺅڈ میں یہ ڈاٹ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
یعنی ان سروسز میں اگر آپ نے ای میل ایڈریس میں ڈاٹ نہ ڈالا تو ای میل جا نہیں سکے گی تاہم جی میل میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں۔
اور ہاں جی میل میں آپ اگر اپنے ای میل ایڈریس میں + کا اضافہ کرلیں جیسے dawn+news@gmail.com تو آپ اسے غیرضروری ای میلز کو فلٹر کرنے کے لیے متبادل کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، اس کے لیے آپ کسی مارکیٹنگ ویب سائٹ پر اپنا ای میل ایڈریس دیتے ہوئے یہ تبدیلی کریںتو یہ متبادل ای میل ایڈریس کا کام کرے گا اور ہاں اس کی ای میلز آپ کے اکاﺅنٹ پر ہی موصول ہوگی اور آپ کو اندازہ ہوگا کہ کمپنیاں کس طرح آپ کے ای میل اکاﺅنٹ کا ڈیٹا آگے بھیجتی ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔