بلوچستان: سیکیورٹی قافلے پر بم حملہ، 3 اہلکار ہلاک
بم دھماکا آواران کے علاقے میں ہوا، بارکھان میں جھڑپ کے دوران 3 شرپسند ہلاک، تربت سے 3 سرکاری ملازمین کی لاشیں برآمد۔
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے آواران اور بارکھان میں دو مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شرپسند ہلاک ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔
ادھر فرنٹئیر کور (ایف سی) اور حساس ادارے نے بارکھان کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کے خلاف آپریشن کیا۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 3 شرپسند ہلاک ہوگئے۔
ایف سی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران شرپسندوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 2 رائفل اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔