پاکستان

امریکی سفیرکا اسلام آباد میں علاج پر خوشی کا اظہار

قونصل خانے کے ترجمان کا کہناہے کہ شفا اسپتال میں سفیر کو معمولی سوزش تشخیص ہوئی جس کے لیے ڈاکٹروں نے دوا تجویز کی ہے،

اسلام آباد: ایک ایسے وقت جب وزیراعظم نواز شریف علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں پاکستان کے لیے امریکا کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے ایک پاکستانی ہسپتال میں اپنے علاج پر 'خوشی' کا اظہار کیا ہے۔

امریکی سفیر کو اسلام آباد کے شفا ہسپتال میں سوزش کی شکایت پر داخل کروایا گیا ہے اور انہوں اس پر 'خوشی' کا اظہار کیا۔

امریکی قونصل خانے کے ترجمان کرسٹوفر اسنائپس نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 'ڈاکٹروں نے سفیر ہیل کو معمولی سوزش تشخیص کی ہے'۔

ہیل کا کہنا تھا کہ 'میں اسلام آباد کے اسپتال میں علاج پر خوش ہوں'۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 'ڈاکٹروں نے انھیں کچھ ادویات تجویز کی ہیں اور انھیں مکمل صحت یاب ہونے میں کچھ دن لگیں گے'۔

دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اپنے علاج کے سلسلے میں برطانیہ جاچکے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان محی الدین وانی نے ڈان نیوز کو تصدیق کی کہ 'نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق لندن میں مزید قیام کریں گے'۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی اگلے ہفتے منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی۔

وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اپنے والد کی سرجری کی تصدیق کر دی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔