پاکستان

مہمند ایجنسی: 4 افغان ’دہشت گرد‘ ہلاک

سرحدی چوکی پر حملہ کرنے والے سیکیورٹی اداروں کی کارروائی میں ہلاک ہوئے، حملہ آوروں کے ساتھی اندھیرے میں فرار بھی ہوئے۔
|

پشاور : افغانستان کی سرحد کے ساتھ واقع پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے افغان دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرکے 4 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی کی تحصیل خویزئی میں سرحدی چیک پوسٹ پرحملہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فورسز کی جوابی فائرنگ سے 4 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آور افغان دہشت گردوں کے کچھ ساتھ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ اس علاقے میں میڈیا کو رسائی حاصل نہیں ہے اس لیے ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ مہمند ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے.

پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، مہمند ایجنسی کے ساتھ واقع خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔