کھیل

ماریا شیراپوا ریو اولمپک کے لیے منتخب

روس کی ٹینس فیڈریشن نے ریواولمپک 2016 کے لیے چار رکنی ٹینس ٹیم میں پابندی کا شکارماریا شیراپوا کو بھی شامل کر لیا ہے۔

ماسکو: روس کی ٹینس فیڈریشن نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے باعث عبوری طور پر معطل ماریا شیراپوا کو ریواولمپک 2016 کے لیے چاررکنی ٹیم میں منتخب کرلیا جو ویمنز سنگلز مقابلوں میں حصہ لے گی۔

روسی نیوز ایجنسی ٹاس کی رپورٹ کے مطابق ریو اولمپک میں ماریاشیراپوا سمیت دیگر تین کھلاڑی سویٹلانا کزنیٹسوا، اناسٹاسیا پاؤلیوچینکوا اور ڈیریا کاسیٹکینا ویمنز سنگلز میں روس کی نمائندگی کریں گی۔

ریو اولمپک گیمز کے قواعد کے مطابق کوئی بھی ملک عالمی درجہ بندی میں بہترین پوائنٹس رکھنے والی چارکھلاڑیوں کو منتخب کر سکتا ہے۔

ماریاشیراپوا کو رواں سال 12 مارچ کو معطل کیا گیا تھا جس کے بعد تاحال انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے انھیں کھیلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جس کے باعث ریو اولمپک میں ان کی شرکت ابھی تک واضح نہیں۔

مزید پڑھیں: ’ڈرگ ٹیسٹ‘ مثبت، ٹینس اسٹار ماریہ شیراپووا معطل

روس کی ٹینس فیڈریشن (ایف ٹی آر) کے صدر شامل ٹیرپشیوف نے پہلے ہی کہا تھا کہ ریو اولمپک میں ماریا شیراپوا کی شرکت کی تصدیق فرنچ اوپن کے دوران ہوجائے گی۔

ایف ٹی آر 6 جون سے قبل ہی ماریا کی اولمپک میں شرکت کے لیے درخواست جمع کرادے گی دوسری صورت میں متبادل کھلاڑی کا اعلان کیا جائے گا۔

ماریا شیراپوا نے رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کے دوران ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد انھیں معطل کردیا گیا جبکہ انھوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا تھا۔

ماریاشیراپوا معطلی کے باعث رواں سال میڈرڈ اوپن، اٹالین اوپن اور فرنچ اوپن میں شرکت نہیں کرسکی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔