پاکستان

پشاور میں فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار ہلاک

ایف سی کی سنگل کیبن گاڑی کو پتنگ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
|

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز عباس مجید مروت کے مطابق پشاور کے علاقے رِنگ روڈ پر ایف سی کی سنگل کیبن گاڑی کو پتنگ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔

مزید پڑھیں:پشاور: 2 دھماکوں میں پولیس اہلکار ہلاک، 17 زخمی

رواں ماہ 18 مئی کو بھی پشاور میں یکے بعد دیگرے سڑک کنارے نصب 2 ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 11 اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔