دنیا

پوپ فرانسس کی مفتی اعظم جامعۃ الازہر سے ملاقات

ملاقات کے دوران مذہبی رہنماؤں نے دونوں عقائد کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

ویٹی کن سٹی: مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تعلقات کی بحالی کے لیے مصر کی جامعۃ الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مذہبی رہنماؤں نے دونوں عقائد کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

پوپ فرانسس نے ویٹکن سٹی میں مفتی اعظم شیخ الازہر شیخ احمد الطیب کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت کی۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے کہا ‘ہماری ملاقات دنیا کے لیے ایک پیغام ہے۔’

مفتی اعظم جامعۃ الازہر کے ترجمان عباس شمان نے اپنے بیان میں کہا، 'ہمیں ساتھ مل کر انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے کی ضروت ہے۔ تمام مذاہب کسی دوسرے انسان کی مشکلات میں اضافہ کرنے کا نہیں بلکہ خوشیاں باٹنے اور مذہبی رواداری کا درس دیتے ہیں۔'

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، انتہا پسندی اورغربت کے مسائل کے حوالے سے کانفرنس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب ویٹی کن نے مجوزہ کانفرنس کے پلان کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی، تاہم ویٹی کن کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار رہی۔

دونوں مذہبی رہنماؤں نے تشدد اور دہشت گردی کے مسئلے پر بات کی اور ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں مسیحیوں کی صورتحال اور انہیں تحفظ دینے کا طریقہ کار بھی زیر غور آیا۔

پوپ نے مفتی اعظم جامعۃ الازہر کو اُس خط کی ایک کاپی بھی دی، جس میں پوری دنیا سے کہا گیا کیا کہ وہ ناانصافی، معاشی اور موسمیاتی تبدیلی کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ 2013 میں منتخب ہونے کے بعد پوپ فرانسس مسلمانوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر زور دیتے آئے ہیں۔

یہ رپورٹ 24 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔