پاکستان

اپوزیشن نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا، ایاز صادق

پانامالیکس کے معاملےپرپارلیمانی کمیٹی کیلئے اپوزیشن کے نام موصول ہوگئے،استعفے کا مطالبہ نہیں کیا گیا، اسپیکرقومی اسمبلی
|

اسلام آباد: اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نےاعتراف کیا ہے کہ پانامالیکس کے معاملے پرپارلیمانی کمیٹی کیلئےانھیں اپوزیشن کے نام موصول ہوگئے ہیں جبکہ حکومتی نام کل تک آجائیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بعد اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق بھِی سید یوسف رضا گیلانی کوبیٹے کی بازیابی کی مبارکباد دینےان کے گھر گئے جہاں انہوں نے ٹی اوآرز پر پیشرفت سے متعلق سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاناما لیکس کمیشن: ٹی او آرز کیلئے کمیٹی تشکیل

سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پارلیمانی کمیٹی کے معاملے پر ہر اپوزیشن جماعت حکومت سے رابطے میں ہے۔

انھوں نے اسے 'جمہوریت کا حسن' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی او آرز میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفیٰ کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں گزشتہ ہفتے کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس ٹی او آر بنانے کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی۔

مزید پڑھیں:'وزیراعظم کے خطاب سے معاملہ مزید پیچیدہ'

بعدازاں جمعرات کو وفاقی حکومت اور حزب اختلاف میں پاناما لیکس کے ٹی او آرز کے حوالے سے 12 رکنی کمیٹی پر اتفاق ہوگیا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا تھا کہ کمیٹی میں 6 اراکین حکومت جبکہ 6 اپوزیشن کے ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔