پیمرا کا کرائم شوز پر پابندی کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چیینلز پر ریپ،قتل اور خودکشی سمیت تمام جرائم کی ڈرامائی تمثیل کاری پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا کہنا تھا کہ اتھارٹی نے ایسے تمام پروگراموں پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے جن میں قتل،خودکشی جیسے جرائم کی ڈرامائی تمثیل کاری کی گئی ہو، پابندی کا اطلاق آئندہ ماہ سے ہوگا-
ان کے بقول آئندہ ماہ سے ایسے پروگرامز پر بھی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں صحافتی تفتیش کے نام پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔
ابصار عالم کا کہنا تھا کہ پیمرا انویسٹی گیٹو جرنلزم کے لئے قواعد و ضوابط وضع کررہا ہے، کسی کی چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کے بقول کسی کو بھی خودکشی اور ریپ متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے یا ان کے رشتہ داروں کے انٹرویوز نشر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
اس حوالے سے پیمرا نے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ناظرین کی جانب سے ایسے پروگرامز کیخلاف بے شمار شکایات موصول ہورہی تھیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی سمجھتے ہیں کہ ایسے پروگراموں سے نہ صرف نوجوان جرائم کی طرف مائل ہوتے ہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد ان پروگراموں سے نئے جرائم سیکھنے کا اقرار بھی کرچکے ہیں-
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بھی جرائم کی تمثیل کاری پر مبنی شوز پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے ایک درخواست کی سماعت کے دوران ایسے پروگرام بند کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
نوٹیفیکشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا اتھارٹی کے چیئرمین کو ایسے پروگرام بند نہ کرنے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کا اختیار دیا ہے۔