پاکستان میں واٹس ایپ سروس متاثر
کراچی: پاکستان میں میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ کی سروس متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جو کچھ دیر کے بعد بحال ہوگئی۔
تاہم واٹس ایپ سروس کی معطلی کی وجہ سامنے نہ آسکی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملک بھر کے صارفین نے واٹس ایپ کی بندش کے حوالے سے پیغامات شیئر کیے، جہاں لوگ ایک دوسرے سے واٹس ایپ سروس کے حوالے سے پوچھتے ہوئے نظر آئے۔
کچھ صارفین نے اس حوالے سے بھی سوال اٹھایا کہ واٹس ایپ سروس وی پی این (VPN) پر چل رہی ہے، تو کیا اسے حکومت نے بند کیا ہے؟
کچھ صارفین نے اس صورتحال کو بھی 'پاناما لیکس' اور 'آف شور کمپنی' سے جوڑ دیا۔
اس سے قبل رواں سال کے آغاز پر بھی واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہونے کے باعث کروڑوں افراد نئے سال کے پیغامات بھیجنے یا وصول کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔
واٹس ایپ میں آنے والی اس خرابی سے یورپ، وسطی امریکا اور ایشیائی ممالک کے صارفین متاثر ہوئے تھے اور اس دوران صارفین پیغامات بھیجنے یا موصول کرنے سمیت کالز کرنے سے قاصر رہے۔
مزید پڑھیں:مختلف ممالک میں واٹس ایپ سروس 'ڈاﺅن'
واضح رہے کہ دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپس بھی اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرچکی ہیں۔
رواں برس 19 جنوری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس دنیا کے کئی ممالک میں عارضی طور پر معطل ہوئی، جسے بعد ازاں بحال کردیا گیا تھا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ فنی خرابی کی وجہ سے معطل ہوئی.
یہ بھی پڑھیں:عارضی معطلی کے بعد ٹوئٹر سروس بحال
ویب سائٹ وزٹ کرنے والے صارفین کو یہ پیغام موصول ہورہا تھا، 'کچھ تکنیکی خرابی ہوگئی ہے'.
پیغام میں مزید کہا گیا کہ خرابی کو جلد دور کرلیا جائے گا.
ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق سروس، صارفین کی زیادہ تعداد اور تکنیکی خرابی کے باعث معطل ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔