پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی (ف) رہنما قتل

نامعلوم مسلح افراد تحصیل پرووا میں مقامی رہنماحاجی عالم شاہ کے گھر میں داخل ہوئے اور انھیں فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس

ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما حاجی عالم شاہ کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق 3 نامعلوم مسلح افراد تحصیل پرووا میں واقع جے یو آئی (ف) کے حاجی عالم شاہ کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

حاجی عالم شاہ جے یو آئی (ف) سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان کی معروف کاروباری شخصیت بھی تھے، ان کے قتل کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جے یو آئی (ف) کے ایک رہنما حاجی نذیر کو زخمی کردیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔