دیوسائی میں 'دیو' کی تلاش
بھورے ریچھ کو میرا خیمہ چیرتے ہوئے تصور کرنے پر میں نے جھیل کے قریب خیمہ لگانے کا خیال ہی اپنے دماغ سے نکال پھینکا۔
دیوسائی میں 'دیو' کی تلاش
ایک بلاگ میں مجھے ''لینڈ آف جائنٹ'' یا 'دیوسائی کی زمین' کا نام پڑھنے کا اتفاق ہوا۔ مجھے اس سے پہلے کبھی معلوم ہی نہیں تھا کہ دیوسائی کا کسی دیو سے بھی کوئی تعلق ہوسکتا ہے، لہٰذا میں نے 4 ہزار میٹرز کی بلندی پر واقع اس خوبصورت میدان میں رہنے والے دیو کو دیکھنے کی امید پر وہاں جانے کا فیصلہ کرلیا۔
میں نے اس امید سے اپنے ساتھ 6 انڈے پراٹھے اٹھائے کہ دیوسائی میں دو دن کی کیمپنگ اور سفر کے دوران اتنا کھانا کافی ہو گا۔
میں خوش تھا کہ مجھے دیوسائی میں پانی لے جانے کی ضرورت نہیں پڑی تھی کیونکہ دیوسائی میں کثیر تعداد میں تازہ پانی کے چشمے موجود ہیں۔ (تاہم میں نے کبھی یہ تصور نہیں کیا تھا کہ ان میں سے ایک چشمے میں ڈائیپرز بھی میرا استقبال کریں گے)۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اس پورے خوبصورت میدان میں پلاسٹک کی بوتلیں اور ریپرز جابجا بکھرے پڑے تھے۔