ایشین اسکواش چمپین شپ پاکستان کے نام
تائی پے: پاکستان نے فرحان محبوب اور فرحان زمان کے شاندار کھیل کے بدولت ایشین اسکواش چمپین شپ جیت لی۔
تائیوان میں کھیلے گئے ایشین اسکواش چمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب اور فرحان زمان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 2-0 سے شکست دے دی۔
فرحان محبوب کو میچ میں کامیابی کے لیے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم میچ کو 11-4 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔
فرحان زمان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو باآسانی شکست دے دی۔
اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف ہندوستان کو2-1 سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
سیمی فائنل میں ہاکستان کے فرحان زمان کو ہریندر پال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم طیب اسلم اور فرحان محبوب اپنے میچز جیت کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔
طیب اسلم نے دوسرے گیم میں کوش کمار کو جبکہ تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں فرحان محبوب نے سینتھ کمار کو شکست سے دوچار کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان نے کوارٹر فائنل میں عراق کو 2-0 سے شکست دی تھی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔