سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل ٹرانسلیشن سے اب ہر زبان سمجھنا آسان

یہ ان افراد کے لیے بہترین ہے جو اکثر غیر ملکیوں سے بات چیت کرتے ہیں اور ان کی زبان سمجھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔

اب کسی بھی میسجنگ یا چیٹنگ ایپ پر آپ کو کوئی زبان نہ بھی آتی ہو تو بھی مسئلہ نہیں ہوگا خاص طور پر اگر آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کررہے ہو۔

جی ہاں گوگل نے اینڈرائیڈ فونز صارفین کے لیے کسی بھی زبان کے ترجمے کو آسان بنانے کے لیے اپنی ٹرانسلیشن سروس کو ہر ایپ کے اندر کام کرنے کی صلاحیت دے دی ہے۔

اس فیچر کو ٹیپ ٹو ٹرانسلیٹ کا نام دیا گیا ہے اور اس کے ذریعے کسی بھی ایپ میں غیرملکی زبان کے جملے کو کلک کرنے پر ٹرانسلیشن کا فیچر ایک پوپ اپ کی شکل میں سامنے آجاتا ہے۔

ابھی تک صارفین کو اگر چیٹنگ یا میسجنگ ایپ میں کسی غیر ملکی زبان کے پیغام کا ترجمہ کرنا ہوتا تھا تو اسے کاپی کرکے ٹرانسلیشن ایپ کھول کر وہاں پیسٹ کرکے مطلب جان کر پھر دوبارہ کاپی پیسٹ کرکے اپنا جواب ارسال کرتے تھے۔

مگر اب ایسا نہیں بلکہ کسی بھی ایپ کے اندر آپ نہ صرف کسی غیر ملکی زبان کے جملے کا مطلب جان سکتے ہیں بلکہ اپنی زبان میں لکھ کر اسے دوسری زبان میں بھیج بھی سکتے ہیں۔

یہ ان افراد کے لیے بہترین ہے جو اکثر غیر ملکیوں سے بات چیت کرتے ہیں اور ان کی زبان سمجھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکروسافٹ نے گزشتہ ماہ اس طرح کا فیچر اینڈرائیڈ کے لیے اپنی ٹرانسلیشن ایپ میں متعارف کرایا تھا مگر اس میں کاپی پیسٹ کرنا پڑتا تھا جو گوگل کی اس نئے فیچر کو زیادہ بہتر بناتا ہے۔

اس فیچر کو مکمل طور پر سمجھنے کے نیچے ویڈیو بھی دی گئی ہے جس کو دیکھ کر آپ اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی آسانی سے سیکھ لیں گے۔

اسی طرح گوگل نے ٹرانسلیشن ایپ کے ورڈ لینس فیچر میں چینی زبان کو بھی شامل کردیا ہے جس کے ذریعے فون کے کیمرے کو چینی زبان کے پرنٹ ٹیکسٹ کی جانب کیا جائے گا تو اس کا ترجمہ سامنے آجائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔