سانحہ صفورا: پانچوں مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے سانحہ صفورہ میں ملوث مجرم سعد عزیز سمیت پانچ انتہائی خطرناک دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹس پر دستخط کردیے ہیں۔
سزا پانے والے دہشت گرد
- سعد عزیز المعروف ٹن ٹن عرف جان
- طاہر حسین منہاس المعروف سائیں نذیر عرف زاہد
- محمد اظہر عشرت عرف ماجد
- حافظ ناصر عرف یاسر
- اسد الرحمٰن عرف ملک
آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ یہ دہشت گرد سانحہ صفورا گوٹھ اور سبین محمود کے قتل میں ملوث تھے جبکہ ان کو سزائے موت کا حکم فوجی عدالت نے سنایا۔
مزید پڑھیں: سانحہ صفورہ کے ملزمان 'داعش' سے متاثر
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سزائے موت پانے والوں میں دہشت گردوں کے معاونت کاربھی شامل ہیں۔
پھانسی کی سزا پانے والے دہشت گردوں میں طاہر حسین منہاس، سعد عزیز، اسدالرحمٰن، حافظ ناصر، محمد اظہر عشرت شامل ہیں۔
یہ دہشت گرد کون ہیں؟
طاہر حسین منہاس المعروف سائیں نذیر عرف زاہد، عرف نوید عرف خلیل، المعروف شوکت اور المعروف موٹا میٹرکولیٹ، جو صفورا گوٹھ سانحے کا ماسٹر مائنڈ ہے، 1998ء سے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ یہ ایک تربیت یافتہ دہشت گرد ہے، جو بم بنانے اور آر پی جی-7 اور کلاشنکوف جیسے اسلحے کے استعمال کا ماہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'بڑے دہشت گرد حملوں میں تعلیم یافتہ عسکریت پسند ملوث'
اس نے ذاتی طور پر القاعدہ کے اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری سے کئی مواقعوں پر ملاقات کی تھی۔
سعد عزیز المعروف ٹن ٹن عرف جان، سول سوسائٹی کی نمائندہ سبین محمود پر حملے کا ماسٹرمائنڈ ہے، اس نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے بی بی اے کر رکھا ہے۔