ڈان میڈیا گروپ بین الاقوامی ایوارڈ کیلئے نامزد
آرمی پبلک اسکول کےحوالے سے کیے گئے پروجیکٹ کو بین الاقوامی ڈیٹا جرنلزم ایوارڈ 2016 کے حتمی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈان میڈیا گروپ کا پشاور آرمی اسکول حملے کے حوالے سے بنایا گیا خصوصی پروجیکٹ '144 داستانیں' بین الاقوامی ڈیٹا جرنلزم ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
گلوبل ایڈیٹرز نیٹ ورک (جی ای این) کی جانب سے ہر سال دیے جانے والے ڈیٹا جرنلزم ایوارڈ 2016 کے لیے دنیا بھر سے 471 نامزدگیاں سامنے آئی تھیں جن میں 63 آخری مرحلے تک پہنچ سکیں۔
ان 63 نامزدگیوں کو 10 مخلتف گیٹیگریز میں نامزد کیا گیا۔
ڈیٹا جرنلزم کے پانچویں ایوارڈ کے ان 10 مرحلوں میں حتمی انعام حاصل کرنے والی نامزدگیوں کا اعلان 16 جون کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہوگا۔
اس مقابلے کو گوگل نیوز لیب اور جان ایس اینڈ جیمس ایل نائٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ ڈیٹا جرنلزم میں گزشتہ برس استعمال ہونے والی نئی تیکنیک اور ٹرینڈز کو سامنے لایا جاسکے۔