پاکستان

'طالبان سے پہلے بھی اللہ کے قریب تھا'

3 سال بعد بازیاب ہونے والے علی حیدر گیلانی نے اغواء کی کہانی سنانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طویل روداد ہے۔

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے 3 سال بعد بازیاب ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ وہ طالبان سے پہلے بھی اللہ کے قریب تھے۔

بازیابی کے بعد لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے پہلی بات چیت کے دوران علی حیدر گیلانی نے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا، جن کی دعاؤں کی بدولت وہ بحفاظت اپنے گھر پہنچے۔

جب علی حیدر گیلانی سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اب داڑھی رکھنے کے فیصلے پر قائم رہیں گے تو انھوں نے جواب دیا کہ 'میں طالبان سے پہلے بھی اللہ تعالیٰ کے بہت قریب تھا۔'

تاہم کتاب لکھنے اور اغواء کی کہانی سنانے کے سوال پر انھوں نے کچھ کہنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طویل روداد ہے، جسے وہ پھر کبھی سنائیں گے۔

مزید پڑھیں: علی حیدر گیلانی ملتان سے اغواء

یاد رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو عام انتخابات سے 2 روز قبل ملتان سے اغواء کیا گیا تھا، وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 200 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے تھے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم افراد کی جانب سے جلسے میں فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں علی حیدر گیلانی کے ذاتی سیکریٹری محی الدین سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ وہ خود لاپتہ ہوگئے تھے۔

علی حیدر گیلانی کی افغانستان سے بازیابی کی خبریں رواں ہفتے 10 مئی کو سامنے آئیں، جس کی تصدیق پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے کی، جبکہ دفتر خارجہ نے بھی بازیابی کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں:علی حیدرگیلانی افغانستان سے بازیاب

علی حیدر گیلانی کو گذشتہ روز کابل میں موجود افغان وزارت دفاع میں پاکستانی سفیر سید ابرار حسین کے حوالے کیا گیا، جہاں سے انھیں کابل ایئرپورٹ کے ذریعے واپس پاکستان لایا گیا۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے معلومات سامنے نہیں آسکیں کہ علی حیدر گیلانی کو پاکستان سے کب افغانستان منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: علی حیدر گیلانی کابل سے پاکستان پہنچ گئے

وطن واپسی پر علی حیدر گیلانی کا شاندار استقبال کیا گیا، پیپلز پارٹی کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

'بیٹے کی بازیابی معجزے سے کم نہیں'

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان کے صاحبزادے کی بازیابی کسی معجزے سے کم نہیں اور اللہ کا خاص کرم ہے کہ وہ دہشت گردوں کے چنگل سے زندہ سلامت واپس آگئے۔

یوسف رضا گیلانی نے امریکی اورافغان فورسز کا بھی شکریہ ادا کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔