پاکستان

فیصل آباد میں 'غیرت کے نام' پر 3 خواتین قتل

خواتین کے شوہروں اور ان کے بھائی نے ملکر تینوں خواتین کو مبینہ طور پر قتل کیا، پولیس
|

لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں مبینہ طور پر 'غیرت کے نام پر' 3 خواتین کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ فیصل آباد کے چک 92آر بی میں پیش آیا۔

پولیس نے پڑوسیوں کے حوالے سے بتایا کہ فرزانہ، ان کی سوتیلی ماں نسرین اور زہرہ کی لاشیں ان کے گھر سے ہی برآمد ہوئیں۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

پڑوسیوں نے ہی پولیس کو آگاہ کیا، جس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال بھجوادیا۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ فرزانہ کے شوہر واحد عرف باگا، زہرہ کے شوہر ثاقب اور ان کے بھائی نے مبینہ طور پر غیر کے نام پر تینوں خواتین کو قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم میں 'غیرت کے نام پر' چار افراد قتل

رپورٹس کے مطابق گھر والوں کی آپس میں تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد تینوں خواتین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جبکہ ملزمان موقع واردات سے فرار ہوگئے، جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔

زہرہ کے والد کی مدعیت میں تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ماررہی ہے۔

مزید جانیں: کراچی: 'غیرت کے نام' پر بہن قتل کرنےوالا شخص گرفتار

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیاہے اور مقتولین کے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ ملزمان جلد پکڑے جائیں گے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کو غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے بنائی گئی ڈاکو مینٹری کی آسکر ایوارڈز میں نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک سے غیرت کے نام پر قتل جیسی 'برائی' کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان میں ہر سال 'غیرت کے نام پر' سیکڑوں خواتین اپنے رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل ہوجاتی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔