علی حیدرگیلانی افغانستان سے بازیاب
اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کے 3 سال قبل اغواء ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے بازیاب کروا لیا گیا۔
علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کو افغانستان کے سفیر کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں یوسف گیلانی کو بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کو کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کروایا گیا۔
یوسف رضا گیلانی کو جس وقت بیٹے کی بازیابی کی اطلاع ملی اس وقت وہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے جلسے میں شریک تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیٹے کودیکھنے کے لیے بے تاب ہوں۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بیٹے کی رہائی پرخوشی بیان نہیں کرسکتا۔
بعد ازاں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ میرے لیے بہت اہم ہے، آج میرا بیٹا بازیاب ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں : علی حیدر گیلانی ملتان سے اغواء
یاد رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو عام انتخابات سے 2 روز قبل ملتان سے اغواء کیا گیا تھا، فائرنگ کے نتیجے میں علی حیدر گیلانی کے ذاتی سیکریٹری محی الدین سمیت 2 افراد ہلاک ہوئے تھے، وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 200 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے تھے، علی حیدر گیلانی جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم افراد کی جانب سے جلسے میں فائرنگ کی گئی جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے۔
اُس وقت ملتان کے سی سی پی او غلام محمد ڈوگر نے کہا کہ ستی ٹل روڈ پر فرخ ٹاؤن کے علاقے میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی جس کے بعد علی حیدرگیلانی کو ایک سیاہ کار میں اغوا کیا گیا۔
دفترخارجہ نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز کو ٹیلی فون کرکے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔
حنیف اتمر نے بتایا کہ علی حیدرگیلانی کو افغان اور امریکی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے ذریعے بازیاب کروایا گیا۔
مشیر افغان قومی سلامتی نے یہ بھی بتایا کہ علی حیدر گیلانی افغانستان سیکیورٹی فورسز کے پاس ہیں، جنھیں پاکستان بھجوانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیلوال نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ 'افغانستان کے صوبے پکتیکا میں افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے ذریعے پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 3 سال بعد القاعدہ سے منسلک ایک گروپ کے قبضے سے بازیاب کروایا گیا'۔
عمر زاخیلوال کا مزید کہنا تھا کہ 'علی حیدر گیلانی کی صحت بہتر ہے اور انھیں جلد ان کے خاندان سے ملوا دیا جائے گا۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'اس سے قبل میں نے یوسف رضا گیانی کو فون کرکے انھیں اس حوالے سے خوش خبری دی تھی، وہ صدر اشرف غنی کے بہت مشکور تھے جنھوں نے ان کے بیٹے کی محفوظ بازیابی کے حوالے سے اقدامات کیے۔'
افغان سفیر کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے افغان سیکیورٹی فورسز کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان کے خاندان کے لیے ایک ڈراؤنے ڈرامے کا خوشگوار اختتام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔