بی ایل اے کے ایک اورکمانڈر نے ہتھیار ڈال دیئے
کوئٹہ : کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر احمد نواز نے بلوچستان کے علاقے خاران میں فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان کے مطابق احمد نواز نے خاران رائفلز کے سامنے ہتھیار ڈالے۔
احمد نواز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ خاران کے قریب شرپسندوں کا کیمپ چلا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : 45سال سے لڑنے والے بلوچ کمانڈر نے سرینڈر کر دیا
ہتھیار ڈالنے کے حوالے سے خاران میں تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں ایف سی حکام، مقامی انتظامیہ اور علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔
ڈان نیوز کے مطابق احمد نواز نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ پرامن زندگی گزار کر ملک و قوم کی بھلائی اور ترقی کے لیے کام کریں گے۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ڈان نیوز کو انٹرویو بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے بتایا کہ صوبے میں جاری سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے سلسلے میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 1025 فراری بلوچستان کی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 'بلوچستان میں 1025 فراری ہتھیار ڈال چکے'
صوبائی سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ 'ہم سیاسی مفاہمتی پالیسی کے تحت ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ بھی ادا کررہے ہیں'۔
نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے صوبائی سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں انٹیلی جنس اطلاعات کے تحت 2622 آپریشنز ہوئے ہیں جس میں 12234 جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں 144 فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے
تین ہفتے پہلے قلات میں 144 فراریوں نے حکام کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے، کمشنر قلات ڈویژن اکبر حریفال نے بتایا تھا کہ ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور دیگر گروہوں سے ہے۔