پروین رحمٰن کے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار
کراچی: پولیس نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے ایک اور مبینہ قاتل اور کیس کے مرکزی ملزم رحیم سواتی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے منگھوپیر تھانے کی حدود سلطان آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کے گھر سے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی جماعت کا کارکن بھی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ رحیم سواتی کس سیاسی جماعت سے منسلک تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کراچی غربی اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے قتل میں ملوث ملزم رحیم سواتی کو سلطان آباد سے گرفتار کرکے ایک نائن ایم ایم پستول اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ پروین رحمٰن کو 2013 میں قتل کیا گیا تھا، ان کے قتل کی تحقیقات کے لیے آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور رینجرز پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی، جس کے 15 سے زائد اجلاس ہوئے، ان اجلاسوں میں تحقیقات کی روشنی میں رحیم سواتی کو قتل کا مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پروین رحمن کا مبینہ قاتل مانسہرہ سے گرفتار
ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی (غربی) اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ ملزم رحیم سواتی نے 5 ساتھیوں کے ساتھ مل کر پروین رحمٰن کو قتل کیا تھا، جن میں 2 ملزمان تاحال مفرور ہیں جبکہ 2 ملزمان احمد علی عرف پپو اور رحیم سواتی کا بیٹا عمران سواتی گرفتار ہو چکا ہے۔