سکھر-ملتان موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
سکھر: وزیراعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی-پیک) منصوبے کے تحت سکھر-ملتان موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
سکھر-ملتان موٹر وے 393 کلو میٹر طویل ہے جس پر 294 ارب روپے لاگت آئے گی، جسے 36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو، وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات عبد الحکیم بلوچ، چین کے پاکستان میں قائم مقام سفیر جیاو لی جن سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیر اعظم کا افتتاحی تقریب سے خطاب : 'دہشت گرد اور دھرنے والے افرا تفری چاہتے ہیں'
وزیراعظم نواز شریف کی سکھر آمد پر افتتاحی تقریب کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے، جس میں عارضی پنڈال کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ایئر کنڈیشنرز بھی لگائے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پورے پنڈال میں ایئر کنڈیشنرز کو چلانے اور بجلی کی سپلائی بحال رکھنے کے لیے 1000KV کے 10 سے زائد جنریٹر لگائے گئے۔
وزیراعظم کی آمد پر روہڑی بائی پاس کے قریب جنگل میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ سکھر کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی۔
پنڈال میں 2000 سے زائد کرسیاں لگائی گئیں جبکہ جلسہ گاہ کے قریب ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا۔