دنیا

جانسن اینڈ جانسن پر 5.5 کروڑ ڈالر کا ہرجانہ

ایک امریکی عدالت نے کینسر میں مبتلا خاتون کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کو 5.5 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا

امریکی عدالت نے جانسن اینڈ جانسن کو ایک خاتون کو 5.5 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا جن کا دعویٰ تھا کہ کمپنی کا پاؤڈر استعمال کرنے کی وجہ سے وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئیں۔

کمپنی اس وقت 1200 کے قریب مقدمات کا سامنا کررہی ہے جن میں کمپنی پر اپنے پاؤڈر کی وجہ سے ممکنہ طور پر کینسر ہونے سے متعلق مناسب انداز میں خبردار نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

کمپنی اس سے قبل بھی اسی طرح کا ایک کیس ہار چکی ہے۔ جانسن اینڈ جانسن دونوں کیسز میں اپیل کا ارادہ رکھتی ہے۔

۔—اے ایف پی فائل فوٹو۔

تین ہفتے کی سماعت کے بعد ریاست میسوری کی عدالت نے پیر کے روز گلوریا رستےسند کے حق میں فیصلہ سنایا۔

مزید پڑھیں: کینسرسے خاتون ہلاک، جانسن اینڈ جانسن پر مقدمہ

کمپنی کو انہیں 50 لاکھ ڈالر معاوضے جبکہ پانچ کروڑ ڈالر سزا کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

جے اینڈ جے کی ترجمان کیرول گوڈرچ نے کہا کہ فیصلے میں کاسمیٹک ٹیلک پر کی جانے والی 30 سالہ ریسرچ کو نظرانداز کیا گیا ہے جبکہ ان کی کمپنی کیس میں اپیل اور اپنی مصنوعات کے دفاع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

گلوریا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کمپنی کے پاؤڈر کو اپنے نجی حصوں پر استعمال کیا جس کی وجہ سے وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئیں اور انہیں کئی سرجریز سے گزرنا پڑا۔

فیصلے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی جے اینڈ جے کے شیئرز میں 18 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

اس سے قبل اسی عدالت نے فروری میں ایک خاتون کے اہلخانہ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کو 7.2 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ خاتون کا کینسر کے باعث انتقال ہوگیا تھا اور وہ بھی کمپنی کا پاؤڈر استعمال کرتی تھیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔