پی ایس 110 سے منتخب ہونے والے دلاور حسین نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ایک اور رہنما اور رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین بھی سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کی 'پاک سرزمین پارٹی' میں شامل ہوگئے۔
مصطفیٰ کمال کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس 110 سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی دلاور حسین نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.
اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ کے اسیر کارکنوں کے اہل خانہ کی فریاد سن کر رونا آتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں لگنے والا زخم پاکستان میں کینسر بن کر پھیل سکتا ہے۔
کراچی کے سابق ناظم مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر حکومت سے اپنی سابقہ پارٹی ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریاں کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'اداروں کو جو کام کرنا چاہیے وہ یہ نہیں کر رہے'۔
مزید پڑھیں: مزید 2 ایم کیو ایم رہنما پاک سرزمین پارٹی میں شامل
انھوں نے کہا کہ متحدہ کارکنوں کو مارنے اور غائب کرنے سے ایم کیو ایم کو نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ اس سے ان کے قائد کو تقویت مل رہی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے سابق میئر (سٹی ناظم) اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال نے 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے منحرف رہنما انیس قائم خانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔
مصطفیٰ کمال کی نئی جماعت 'پاک سرزمین پارٹی' میں بعد ازاں ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد ، رضا ہارون ، افتخار عالم ، وسیم آفتاب، انیس ایڈووکیٹ، محمد علی بروہی، بلقیس مختار، سید وحید الزماں، محمد رضا عابدی، اشفاق منگی اور افتخار احمد رندھاوا شامل ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ کے مزید 2 رہنما 'پاک سرزمین پارٹی' میں شامل
سابق میئر کراچی کی جانب سے مزید افراد کے شامل ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی پی ایس پی میں شمولیت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
مصطفی کمال 2005 سے 2009 تک متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی کے نامزد ناظم رہے، ایم کیو ایم نے انھیں 2011 میں سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا تاہم اپریل 2014 میں وہ سینیٹ سے مستعفی ہو گئے اور اس کے بعد سے وہ پارٹی میں مکمل طور پر غیر فعال ہو گئے۔
مزید پڑھیں: محمد علی بروہی بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل
پاکستان واپسی تک وہ دبئی میں پاکستان کی ایک بہت بڑی ریئل اسٹیٹ کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔
دوسری جانب انیس قائم خانی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر رہ چکے ہیں، 2013 کے بعد سے وہ پارٹی میں غیر فعال شمار کیے جاتے ہیں جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔