'ڈونلڈ ٹرمپ خودمختار ملک کے متعلق بات کرنا سیکھیں'
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی اُمیداوار ڈونلڈ ٹرمپ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے ناواقف ہیں، انھیں ایک خود مختار ملک سے متعلق بات کرنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے۔
امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں گرفتار ڈاکٹر شکیل آفریدی سے متعلق فوکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ مونگ پھلی کے چند دانوں کے بدلے میں پاکستان کو دھمکایا نہیں جاسکتا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو میں حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، 'ڈونلڈ ٹرمپ یاد رکھیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ہے'۔
مزید پڑھیں: شکیل آفریدی کی رہائی:پاکستانی امداد میں کمی کی تیاری
ان کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر کسی کا حق نہیں پہنچتا کہ پاکستانی حکومت کو ڈکٹیٹ کرے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بن بھی گئے تو وہ شکیل آفریدی کے مستبقل کا فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ شکیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ امریکا کے صدارتی اُمیدوار نہیں پاکستانی عدالتیں کریں گی۔
خیال رہے کہ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شکیل آفریدی کو دو منٹ میں پاکستان سے باہر نکال لیں گے۔