شام: ہسپتال پر بمباری میں 27 افراد ہلاک
حلب کے ہسپتال پر بمباری میں ہلاک ہونے والوں میں 3 ڈاکٹرز، حفاظت پر مامور 2 گارڈ اور ایمبولینس ڈرائیور بھی شامل ہے۔
دمشق: شام کے شہر حلب میں ایک ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق حلب کے ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں 3 ڈاکٹرز، حفاظت پر مامور 2 گارڈ اور ایمبولینس ڈرائیور بھی شامل ہے۔
مقامی ذرائع سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق القدس ہسپتال کے مرکزی دروازے پر موجود افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی برطانوی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق گزشتہ 6 روز میں حلب میں 148 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ حلب پر شام کے صدر بشار الاسد کے مخالف باغی گروہ کا قبضہ ہے۔