کھیل

'اکیلا اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گیا، جھگڑا نہیں ہوا'

عمر اکمل نے فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے دوران کسی بھی قسم کے جھگڑے کی تردید کر دی ہے۔

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز عمر اکمل نے فیصل آباد کے مقامی تھیٹر میں کسی بھی قسم کے جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی ذاتی زندگی میں دخل نہ دیں۔

فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل ایک بار پھر اس وقت تنازع کا شکار ہو گئے جب اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے لیے جانے والے کرکٹر کی وہاں کسی بات پر تکرار ہو ئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر اکمل، شاہد یوسف، اویس ضیا، محمد نواز اور بلاول بھٹی مبینہ طور پر اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گئے تھے اور وہاں کسی بات پر ان کی انتظامیہ سے تکرار ہو گئی جبکہ معاملہ شدت اختیار کیا اور میڈیا پر آگیا۔

لاہور میں پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کو پودے لگانے کا مشورہ دینے والے عمر اکمل سے جب گزشتہ رات پیش آنے والے تنازع کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ اور کارکردگی پر بات کریں لیکن میری ذاتی زندگی اور خاندان پر بات نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ڈرامہ دیکھنے گیا تھا اور ڈرامہ دیکھنا کوئی بری بات نہیں، میں اکیلا گیا تھا لیکن میرا کوئی جھگڑا نہیں ہوا، میڈیا اسٹارز کو اس طرح سے منظرعام پر نہ لائے اور ان کا ساتھ دیں، غلط خبروں سے دنیا میں غلط تاثر جاتا ہے۔

'انٹرٹینمنٹ لینے گیا تھا، انٹرٹینمنٹ لے کر واپس آ گیا'۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان کے بنائے گئے قوانین کی پیروی کرتے ہوئے یہ سب کام کرتا ہوں، اگر میں قانون کی خلاف ورزی کرتا ہوں تو پاکستانی عوام اور حکومت کو پورا حق ہے کہ مجھے سزا دیں۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل 'ڈانس پارٹی' اسکینڈل سے بری

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے پی سی بی نے طلب نہیں کیا اور نہ ہی تحقیقات ہو رہی ہیں، اگربورڈ نے طلب کیا تو ضرور جاؤں گا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ عمر اکمل اس قسم کے کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں بلکہ اس سے قبل ان کے بارے میں خبریں آئی تھیں کہ وہ حیدرآباد میں مبینہ طورپر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے یہ کہتے ہوئے باہر کیا تھا کہ انھوں نے پاکستان کرکٹ اور پی سی بی کا نام خراب کیا۔