پی ٹی آئی کاسندھ میں انسدادکرپشن تحریک کااعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ 26 اپریل سے صوبہ سندھ میں انسداد کرپشن تحریک کا آغاز کیا جائے گا جبکہ رائے ونڈ میں دھرنے سے قبل وہ اگلے ہفتے اتوار کو لاہور میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل پیش کریں گے۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں غریبوں کو لوٹا جارہا ہے۔
پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانے کے بیرون ملک موجود مختلف کمپنیز میں آف شور آکاؤنٹس کے انکشافات کے بعد وزیراعظم کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے اعلان پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ ان کے اعلان کردہ تحقیقاتی کمیشن کو نہیں مانتے۔
مزید پڑھیں: پاناما لیکس: نیب سے تحقیقات کا مطالبہ
عمران خان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم کے بچے جھوٹ پرجھوٹ بول رہے ہیں'، ملک کا پیسہ کھانے والوں کا احتساب کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف آپ خود ٹیکس نہیں دیتے، لوگوں سے کیسے ٹیکس مانگیں گے۔