پاکستان

دہشتگردی کیخلاف ایم کیو ایم کی امن ریلی

مزارِ قائد کے احاطے کے اندر ہونے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگری کیخلاف متحد ہوجائے۔

کراچی: کراچی میں دہشتگردی کیخلاف اور امن کے حق میں ایک ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت اور ایم کیو ایم رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اس موقع پر ممبر آف ایم کیو ایم سینٹرل کو آرڈنیشن کمیٹی، سید حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم آج مزارِ قائد پر جمع ہیں اور ہم کراچی سے گلگت تک شہید ہونے والے افراد سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں۔

رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اس پروگرام میں صرف پاکستان کے جھنڈے لہرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی سے پچاس ہزار افراد شہید ہوئے ہیں۔ ایک جانب دہشتگرد ہیں تو دوسری جانب ان کے شکار افراد ہیں۔

آج ہم نے مزارِ قائد پر جمع ہوکر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہے۔

ایم کیوایم کے ایک اور رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں یہ پیغام دینا ہے کہ دہشتگردی کی جنگ کسی خاص زبان یا مذہب کیلئے نہیں بلکہ دہشتگرد سب کو نشانہ بنارہے ہیں۔

' ہم نے ایم کیو ایم کے پرچم تلے یہ پیغام دیا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں سب متحد ہوجائیں۔

ایم کیو ایم کی اس ریلی میں فنکاروں، ادیبوں، دانشوروں، سول سوسائٹی کے افراد اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔