'مشرف کا دور موجودہ جمہوری حکومت سے بہتر'
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا آمریت کا دور موجودہ جمہوری حکومت سے بہت اچھا تھا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران موجودہ جمہوری حکومت پر الزام لگایا کہ 'آپ کو جمہوریت کا پتہ ہی نہیں ہے، آپ ایک آمر کی گود میں بیٹھے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت مشرف کی آمریت سے زیادہ ظالم ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے حکومتی نمائندوں کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اگر کچھ غلط کیا ہے تو انھیں جیل میں ڈال دیا جائے۔
مزید پڑھیں: بیرون ملک روانگی: 'مشرف کیلئے قوانین میں نرمی'
انھوں نے سوال اٹھایا کہ اگرشوکت خانم ہسپتال میں پیسہ غلط لگا تھا تو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟
عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام بلیک میل کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا کام کرپٹ لوگوں کو پکڑنا ہے۔
انھوں نے الزام لگایا کہ حکمران کرپشن کی فائلیں ایک دوسرے کو بلیک میل کرنے کیلئے رکھتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ قوم کے پیسے سے بیرون ملک جا کر علاج کرواتے ہیں , میاں صاحب کو کھانسی بھی ہوتی ہے تو علاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں'۔
پاناما لیکس کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون پر الزام لگا تو انھوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں آکر وضاحت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس: ’تحقیقاتی کمیشن جلد بن جائے گا‘
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف بتائیں کہ انھوں نے اربوں کی مے فیئر پراپرٹی کب خریدی تھی، پی ٹی آئی چیئرمین ںے دعویٰ کیا کہ مے فیئر اپارٹمنٹ کا ہفتے کا خرچ 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے شوکت خانم ہسپتال پر کرپشن کا الزام لگایا ہے، 'انھیں اپنی کرپشن بچانے کیلئے عوامی ہسپتال پر الزام لگانے پر شرم آنی چاہیے'۔
برطانیہ میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کے گھر کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ کرپشن چھپانے کیلئے ان کے بچوں کی نانی کے گھر کے باہر احتجاج کیا گیا۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے خیبرپختونخوا کی گڈ گورننس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکومت میں آنے کے بعد خیبرپختونخوا کے حالات بہتر ہوئے۔
انھوں نے پی ٹی آئی کے احتجاجی سلسلوں کا حوالہ دیا کہ احتجاج عوام کا پیسہ غلط استعمال کرنے پر کیا جاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پانامالیکس پر وزیراعظم کے بچوں کے بیان بھی مختلف ہیں۔
پاناما لیکس کے حوالے سے عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو کہا کہ 'آپ نے 4 بڑے قانون توڑے ہیں اور عوام کو بتائیں کہ پیسہ ملک سے باہر کیسے لے کر گئے؟'
مزید پڑھیں: بلاتفریق سب کا احتساب ضروری، آرمی چیف
ملک میں 12 ارب روپے یومیہ کرپشن کا انکشاف کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے بیان پر پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
طالبان کی جانب سے موسم سرما کی کارروائیوں کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے عمراں خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن آنے تک خیبرپختونخوا مستحکم نہیں ہوسکتا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔