پاکستان

ایم کیو ایم کا ایک اور رہنما 'باغی'

رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے بھی ایم کیوایم اور اسمبلی رکنیت چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی
|

کراچی: رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے بھی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) اور اسمبلی رکنیت چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

کراچی میں پاک سر زمین پارٹی کی قیادت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اشفاق منگی نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفیٰ ہونے کااعلان بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حق اور سچ کاساتھ دینے نکلے ہیں، سندھ کے لوگ محب وطن ہیں 'را' کے ایجنٹ نہیں۔


          کسی کا نام نہیں لوں گا مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ جو جتنا شور کررہا ہے وہ پی ایس پی سے اتنا ہی رابطے میں ہے
                                                            — مصطفیٰ کمال

پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے اشفاق منگی کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کی جماعت لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ سے بچانے کیلئے میدان میں نکلی ہے۔

مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں سالہا سال تک نفرتوں کی فصل کاشت کی گئی۔

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ہزاروں کارکن ان سے رابطے میں ہیں، وہ کسی کانام نہیں لیتے مگر اتنا ضرور کہیں گے کہ جو جتنا شور کررہا ہے وہ پی ایس پی سے رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ پر الزامات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

کراچی کےسابق مئیرنے چوبیس اپریل کے بعد ملک گیردوروں کا بھی اعلان کیا۔

کمال کے انکشافات

خیال رہے کہ کراچی کے سابق میئر (سٹی ناظم) اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال نے 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے منحرف رہنما انیس قائم خانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔

مصطفیٰ کمال کی نئی جماعت 'پاک سرزمین پارٹی' میں بعد ازاں ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد ، رضا ہارون ، افتخار عالم ، وسیم آفتاب، انیس ایڈووکیٹ، محمد علی بروہی، بلقیس مختار، سید وحید الزماں اور محمد رضا عابدی شامل ہو چکے ہیں۔

سابق میئر کراچی کی جانب سے مزید افراد کے شامل ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی پی ایس پی میں شمولیت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

یہ بھی جانیں: 'الطاف حسین نے را سےتحریری معاہدےکااعتراف کیا'

مصطفی کمال 2005 سے 2009 تک متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی کے نامزد ناظم رہے، ایم کیو ایم نے انھیں 2011 میں سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا تاہم اپریل 2014 میں وہ سینیٹ سے مستعفی ہو گئے اور اس کے بعد سے وہ پارٹی میں مکمل طور پر غیر فعال ہو گئے۔

پاکستان واپسی تک وہ دبئی میں پاکستان کی ایک بہت بڑی ریئل اسٹیٹ کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔

دوسری جانب انیس قائم خانی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر رہ چکے ہیں، 2013 کے بعد سے وہ پارٹی میں غیر فعال شمار کیے جاتے ہیں جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔