ایکواڈور زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 350 تک جاپہنچی
عمارتوں کے ملبے تلے موجود زندہ افراد کو بحفاظت نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، صدر رافیل کوریہ
کیٹو: جنوبی امریکا کے ساحلی ملک ایکواڈور میں 7.8 شدت کے زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 350 تک جا پہنچی ہے، جبکہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
قیامت خیز زلزلے کے باعث دو ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ایکواڈور کے صدر رافیل کوریہ ویٹیکن کا دورہ مختصر کرکے وطن پہنچے اور فوری طور پر زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر پورٹوویاجو کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔