جاپان میں شدید زلزلہ، 9 افراد ہلاک
جنوب مغربی جزیرےمیں 6.5شدت کے زلزلے سےکئی عمارتیں تباہ ہوگئیں،750 افراد زخمی جبکہ ہزاروں لوگ محفوظ مقامات پرمنتقل کیےگئے
ٹوکیو: جاپان کے جنوبی علاقوں میں 6 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے سے 9 افراد ہلاک اور 750 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ کئی گھر اور عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق جاپان کے جنوب مغربی جزیرے ’کیوشو‘ میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے، جبکہ کئی سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہوگئیں۔
جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کا کہنا تھا کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی جبکہ تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد 6 اعشاریہ 4 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا۔
ایجنسی نے زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ ظاہر نہیں کیا ہے۔