روسی طیاروں کی امریکی بحری جہاز کے قریب پروازیں
واشنگٹن: امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بحیرہ بالٹک میں امریکی جنگی بحری بیڑے کے انتہائی قریب پروازیں کی ہیں تاہم روس نے اس اقدام کا دفاع کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج کے یورپین کمانڈر نے بتایا کہ رواں ہفتے میں روسی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس ڈونلڈ کوک کے قریب پروازیں کیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'واقعے میں روسی ساختہ ایس یو 24 طیاروں نے بحری بیڑے کے اوپر صرف 30 فٹ کی بلندی پر پرواز کی'۔
انھوں نے جاری بیان میں کہا کہ 'ہمیں روسی طیاروں کی غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ مشق پر تحفظات ہیں'۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ روس اور مغربی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا تھا جب ماسکو نے 2014 میں یوکرائن کے علیحدگی پسندوں کی وہاں کی حکومت کے خلاف حمایت کی تھی۔