افغانستان میں ہندوستان کے 3 قونصل خانوں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں پر سیکریٹری دفاع کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ۔
اسلام آباد: سیکریٹری دفاع جنرل (ر) عالم خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' نے پاکستان کے اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف خصوصی سیل قائم کررکھا ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ افغانستان میں موجود 7 میں سے 3 ہندوستانی قونصل خانے، جو مزار شریف، قندہار اور جلال آباد میں ہیں، پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے متحرک ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستانی قونصل خانے پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا، صوبہ بلوچستان اور کراچی میں تخریبی سرگرمیوں کے لیے اپنے ایجنٹس کو بھرپور سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان سے انڈین نیوی کا حاضر سروس افسر گرفتار
دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قائم ہندوستانی قونصل خانے فاٹا، صوبہ بلوچستان اور کراچی میں جعلی شناختی کارڈ کی تیاری میں بھی ملوث ہیں۔
پاک-چین اقتصادی راہ داری منصوبے کا نقشہ — فوٹو بشکریہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان. بریفنگ میں دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ ہندوستانی قونصل خانے 'را' کے ایجنٹس کو اسلحہ، مالی معاونت اور تربیت بھی فراہم کررہے ہیں۔
سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس اور ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' مشترکہ طور پر پاکستان کے خلاف خفیہ آپریشنز کر رہے ہیں اور افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس کے ہیڈکوارٹرز میں 'را' کا خصوصی سیل بھی قائم ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا گیا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کے لیے 'را' نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی سیل قائم کردیا ہے، جو افغانستان کے ذریعے پاکستان میں متحرک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'بلوچستان میں مقامی مسلح تحریکوں کا وجود نہیں'
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہندوستان کے حاضر سروس نیول افسر اور 'را' کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، وہ 2003 سے چاہ بہار میں مقیم تھا جبکہ وہ اس سے قبل 3 مرتبہ پاکستان کے خفیہ دورے کرچکا تھا۔
دفاعی بجٹ دفاعی حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 788 ارب روپے کا دفاعی بجٹ مختص کیا گیا تھا۔
مجموعی بجٹ میں سے بری فوج نے 41 فیصد، ایئرفورس نے 33 اور نیوی نے 35 فیصد فنڈز خرچ کیے۔
دفاعی حکام نے بتایا کہ نائن الیون کے بعد سے اب تک امریکا کی جانب سے پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں 13 ارب ڈالر دیئے گئے جبکہ اتحادی سپورٹ فنڈ 30 ستمبر 2016 کو ختم ہوجائے گا۔
سیکریٹری دفاع جنرل (ر) عالم خٹک نے مزید بتایا کہ پاکستان نے امریکا سے قبائلی علاقوں کی تعمیر نو کے لیے 8 ارب ڈالر کا پیکج مانگا ہے اور یہ تجویز پاک امریکہ اسٹرٹیجک اجلاس میں پیش کی گئی۔
مزید پڑھیں: ’را‘ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث: آرمی چیف
خیال رہے کہ گذشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے اور پورٹ گوادر میں امن و ترقی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ ’را‘ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے۔
جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ کچھ بین الاقوامی ایجنسیاں بالخصوص ہندوستانی خفیہ ایجنسی 'را' پاک چین اقتصادی راہدای منصوبے کے خلاف ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ضرب عضب صرف ایک آپریشن نہیں، پورا نظریہ ہے اور اس کا مقصد شدت پسندی، دہشت گردی اور کرپشن سنڈیکیٹ کا خاتمہ کرنا ہے۔
کلبھوشن یادیو کی بلوچستان سے گرفتاری خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے ہندوستان کے حاضر سروس نیول افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔