پاکستان

ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وزارت داخلہ اور کسٹمز حکام کی اپیلیں خارج کردیں.
|

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سپر ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا.

یاد رہے کہ ماڈل ایان علی نے دسمبر 2015 میں اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر فیصلہ سناتے ہوئے گذشتہ ماہ 7 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ نےایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا.

مزید پڑھیں:ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالا جائے، ایان علی

جس کے بعد وزارت داخلہ اور کسٹمز حکام نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا.

سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ایک ہفتہ قبل مذکورہ کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا.

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وزارت داخلہ اور کسٹمز حکام کی اپیلیں خارج کردیں اور ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا.

یہ بھی پڑھیں:ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین شہریوں کو سفر کرنے کی اجازت دیتا ہے اور ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ ایان علی پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں.

یاد رہے کہ ماڈل ایان علی کو گذشتہ برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ملزمہ کی گرفتاری کے وقت ان کے 3 پاسپورٹ بھی ضبط کیے گئے تھے جن میں سے ایک کارآمد جبکہ دو منسوخ شدہ ہیں جن پر ویزے لگے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب گذشتہ دنوں کرنسی اسمگلنگ ریفرنس کے سلسلے میں سپر ماڈل ایان علی کو کسٹم کلکٹر نے 5 لاکھ 6 ہزار 800 امریکی ڈالرز (تقریباََ 5کروڑ 30 لاکھ روپے) جرمانے کی سزا سنائی.

اس سے قبل اسلام آباد کی کسٹم، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت نے ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.