پاکستان

امتحانی مرکز میں داخلے سے روکنے پر طالب علم کی 'خودکشی'

طالب علم نے مبینہ طور پر کراچی کے ایک امتحانی مرکز میں دیر سے پہنچنے پر داخلے کی اجازت نہ ملنے پر خود کو آگ لگالی
|

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایک امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روکنے پر طالب علم نے مبینہ طور پر خود کو آگ لگالی۔

کراچی ویسٹ کے ڈی آئی جی فیروز شاہ کے مطابق 27 سالہ عبد الباسط کو ہمدرد یونیورسٹی کے نارتھ ناظم آباد کیمپس میں انتظامیہ نے داخل ہونے سے روک دیا۔

اطلاعات کے مطابق بی ڈی ایس فورتھ ایئر کے طالب علم تاخیر سے کیمپس پہنچے تھے۔

سینئر میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر نثار شاہ کے مطابق خود کو آگ لگانے کے باعث عبدالباسط کے جسم کا متعدد حصہ جل گیا اور وہ پیر کی رات دوران علاج چل بسے۔

ڈاکٹر شاہ کے مطابق طالب علم کے جسم کا 80 حصہ جھلس چکا تھا اور انہیں شدید زخمی حالت میں کچھ دیگر طالب علموں کی جانب سے ہسپتال لایا گیا تھا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق طالب علم کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کے ساتھ ظلم ہوا ہےاور انہیں انصاف دلوایا جائے۔

ادھر گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔