لائف اسٹائل

فین میں میرا کردار ماضی سے بالکل مختلف، شاہ رخ

لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں گزشتہ 25 برسوں سے ایک جیسے کردار کررہا ہوں، شاہ رخ خان

شاہ رخ خان بولی وڈ کے چند بڑے اسٹارز میں سے ایک ہیں مگر ان کے بیشتر پرستاروں کو ڈر ہے کہ ان کی نئی فلم فین میں ان کے پسندیدہ ستارے کہیں اپنے پرانی فلموں ڈر اور بازیگر کے اپ ڈیٹ ورژن کو تو ہی دہرانے نہیں لگے؟

فلم ڈر میں شاہ رخ نے جوہی چاﺅلہ کے ایسے دیوانے کا کردار ادا کیا تھا جو ہر قیمت میں اسے اپنانا چاہتا ہے اور اس کا ایک ڈائیلاگ ' آئی لو یو کے کے کے کرن' بہت مقبول ہوا تھا، جبکہ بازیگر میں وہ ایسے شخص کے طور پر نظر آئے تو اپنے دشمن خاندان کی بیٹیوں کو لبھانے کے لیے نام بدل لیتا ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا انتقام لے سکے۔

تاہم شاہ رخ خان کا اصرار ہے کہ ان کی ڈبل رول پر مبنی نئی فلم فین میں پرانے کسی کردار کا اثر نہیں " لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں گزشتہ 25 برسوں سے ایک جیسے کردار کررہا ہوں، یہاں تک کہ ناقدین بھی یہی کہتے ہیں مگر میں کوشش کرتا ہوں اور یہ نئی فلم بالکل مختلف ہے۔ ڈائریکٹر منیش اس کردار کے حوالے سے بالکل واضح سوچ رکھتے تھے اور میں پرانے کرداروں سے اس کے مختلف ہونے کا کریڈٹ خود نہیں لے سکتا'۔

ایک تقریب کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کردار دماغی مریض نہیں ' یہ ایک بہت معصوم نوجوان کی کہانی ہے، جو جب اپنے پسندیدہ اسٹار سے ملتا ہے تو یہ نہیں سوچتا کہ دنیا اس کی سوچ پر نہیں چلتی، یہ معصومیت کے بارے میں ہے، یہ اس بارے میں جب آپ نوجوان ہوتے ہیں، آپ کی آنکھوں میں ستارے چمکتے ہیں اور آپ بہت کچھ محسوس کرتے ہیں یا کسی فرد کو چاہتے ہیں تو اس سے بھی جوابی محبت کی توقع کرتے ہیں، مگر جب توقعات کے مطابق نہیں ہوتا تو آپ ذہنی طور پر منتشر ہوجاتے ہیں"۔

فلم فین 15 اپریل کو ریلیز ہورہی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔