اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہیں دیں گے: نثار
حکومتی رٹ ہر صورت قائم ہوگی، یہ آزادی اظہار کا نہیں، اسلام آباد کے حساس علاقوں کی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، چوہدری نثار
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک یا ایف نائن پارک میں سیاسی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آزادی اظہار کا نہیں، اسلام آباد کے حساس علاقوں کی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے۔
' ہر 3 روز بعد اسلام آباد سیل ہونے کا پیغام دیا جاتا ہے، اس سے دنیا میں پاکستان کے حوالے سے غلط پیغام جاتا ہے۔'
چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد کو پر امن شہر بنانا میری ذمہ داری ہے، شہریوں کے حقوق اور اس کی عزت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
'جلسے جلوسوں اور سیاسی طاقت دکھانے کے لیے پورا پاکستان پڑا ہے۔ کیا مجبوری ہے کہ جلسہ صرف اسلام آباد میں ہی کرنا ہے؟'