پاکستان

سرفراز مرچنٹ کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری

لندن میں مقیم پاکستانی تاجر سرفراز مرچنٹ پر مبینہ طور پر گاڑی چھیننے اور قتل کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج ہے۔

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) نے دھوکہ دہی کیس میں لندن میں مقیم پاکستانی تاجر سرفراز مرچنٹ کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیئے۔

سرفراز مرچنٹ پر شکایت کنندہ ظفر فریدی سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں مبینہ طور پرگاڑی رینج روور چھیننے، دھمکی دے کر پیسہ وصول کرنے اور 2011 میں قتل کی دھمکی دینے کا الزام ہے ۔

واضح رہے کہ سرفراز مرچنٹ، جنہوں نے حال ہی میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم ) ہندوستانی خفیہ ایجنسی 'را' سے فنڈز وصول کر رہی ہے، خود بھی لندن میں منی لانڈرنگ کیس کے نامزد ملزمان میں سے ایک ہیں۔

پولیس نے سرفراز مرچنٹ کے خلاف 2014 میں درخشاں پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا جبکہ گذشتہ برس جولائی میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں انہیں مفرور قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'را' فنڈنگ: سرفراز مرچنٹ کا بیان ریکارڈ

یاد رہے کہ تفتیشی رپورٹ کے اندراج کے بعد، جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) نے سرفراز مرچنٹ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم پولیس اس وارنٹ گرفتاری کا کوئی نتیجہ نہیں نکال پائی، جس کے بعد عدالت نے مرچنٹ کے دوبارہ ناقابلِ ضمانت جاری کرکے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ وہ ملزم کو اپریل تک عدالت میں پیش کریں۔

استغاثہ کے مطابق، شکایت کنندہ نے 2011میں رینج روور خریدی تھی اور اسی دن سرفراز مرچنٹ اُن کے گھر آئے اور اُن سے وہ گاڑی مبینہ طور پر چھین کر لے گئے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جب ظفر فریدی نے گاڑی واپس مانگنے کے لیے رابطہ کیا تو سرفراز مرچنٹ انہیں بہت عرصے تک قتل کی دھمکی دیتے رہے ۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز مرچنٹ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے اشتہار

وکیلِ استغاثہ نے عدالت کے روبرو کہا کہ سرفراز مرچنٹ نے شکایت کنندہ کو دو مقدمات میں پھنسایا، ملزم نے ان سے رہائی کے لیے 25 لاکھ روپے طلب کیے اور پھر ان کو خاندان سمیت دبئی بھجوادیا۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ فریدی مارچ 2014 میں واپس آئے اور اپنی گاڑی اور پیسے کی بازیابی کے لیے سرفراز مرچنٹ کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی اور بدنیتی کے ساتھ جائیداد کی ترسیل کو ترغیب دینا) اور 502 (سزا برائے مجرمانہ دھمکیاں) کے تحت مقدمہ دائر کیا۔

پولیس نے مقدمے کے اندراج کے ایک مہینے بعد ہی گاڑی بازیاب کروالی تھی۔

یہ خبر 7 اپریل 2016 کے ڈان اخبار سے لی گئی ہے


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔