'را' فنڈنگ: سرفراز مرچنٹ کا بیان ریکارڈ
اسلام آباد: برطانیہ میں مقیم تاجر سرفراز مرچنٹ متحدہ قومی موومنٹ کیخلاف تحقیقات میں تعاون کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے اور اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔
وزارت داخلہ کے ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سرفراز مرچنٹ اپنا تحریری بیان اپنے ہمراہ لائے تھے اور تمام شواہد بھی ان ہی کے ساتھ موجود تھے۔
مزید پڑھیں: سرفراز مرچنٹ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے اشتہار
ذرائع نے بتایا کہ سرفراز مرچنٹ نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی 'را' سے فنڈنگ کی تمام ای میلز ایف آئی اے ٹیم کے حوالے کردی ہیں جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد مختلف سوالات کئے۔
وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے)نے ایم کیو ایم کو 'را' سے فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے سرفراز مرچنٹ سے رابطہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایف آئی اے سرفراز مرچنٹ کے تحفظات دور کرے‘
ایف آئی اے کی درخواست پر سرفراز مرچنٹ آج (پیر کو) لندن سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
خیال رہے کہ سرفراز نے 'را' کی جانب سے ایم کیو ایم کو مبینہ فنڈنگ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے حکومت پاکستان کو معاونت کی پیش کش کی تھی۔
مزید جانیں: ایف آئی اے کا سرفراز مرچنٹ، مصطفی کمال سے رابطہ
ایف آئی نے سرفراز مرچنٹ کی جانب سے یکم مارچ 2016 کو ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ایم کیو ایم کے حوالے سے کیے گئے انکشافات کے بعد متحدہ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا جب کہ تحقیقات میں تعاون کیلئے اخبارات میں اشتہار بھی دیا گیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔