دنیا

مودی کیلئے سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز ’شاہ عبدالعزیز ایوارڈ‘ دیا گیا۔

ریاض: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو دورہ سعودی عرب کے دوران ملک کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز ’شاہ عبدالعزیز ایوارڈ‘ دیا گیا۔

اتوار کو ہندوستانی وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے اور اسٹریٹجک تعاون سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

نریند مودی نے اس موقع پر شاہ سلمان کو کیرالہ کی ایک مسجد کا ماڈل بھی پیش کیا، جس پر سونے کا پانی چڑھایا گیا تھا۔

بعدازاں نریند مودی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، ' شکریہ سعودی عرب، اپنے دورے کے دوران میں نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔'

یاد رہے کہ نریندر مودی کا یہ پہلا سرکاری دورہ سعودی عرب تھا، وہ 3 ممالک کے اپنے حالیہ دورے کے آخری مرحلے میں سعودی عرب پہنچے تھے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق مودی اور شاہ سلمان کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب روایتی طور پر ہندوستان کو خام تیل فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان 2014 میں تجارت 39 بلین ڈالر تک جاپہنچی تھی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 'شاہ سلمان اور وزیراعظم نریند مودی نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس عالمی مسئلے کو کسی خاص نسل، مذہب یا کلچر سے جوڑنے کی تمام کوششوں کو مسترد کردیاـ'

مزید پڑھیں:مودی کا دورہ سعودی عرب، پاکستان پر'دباؤ' کی کوشش

اس سے قبل ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا سعودی عرب کا دورہ ایک وسیع تر سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسلام آباد کے قریب ترین اتحادیوں میں سے کچھ کے ساتھ تعلقات قائم کرکے پاکستان پر دباؤ بڑھانا ہے.

مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام مادھیو کا کہنا تھا، 'یہ بہت آسان ہے، ہمیں پاکستان کو ڈیل کرنے کے لیے سب کچھ کرنا پڑے گا اور اسلام آباد کے دوستوں کے دل جیتنے کے لیے معاشی، حکمت عملی اور جذباتی تعلقات کا سہارا لینا پڑے گا'.

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے اتحادی جیسے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بناء پر ہندوستان کو عالمی اور علاقائی فورمز پر مزید ہمدردیاں حاصل ہوں گی، جس کی وجہ سے پاکستان پر دباؤ بڑھے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔