خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث 53 ہلاکتیں
پشاور/مظفر آباد: خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں میں بارشوں کے باعث ہونے والی تباہی میں 53 افراد ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں بارشوں اور آزاد کشمیر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی ہے جبکہ ان واقعات میں زخمیوں ہونے والوں کی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔
خیبر پختوںخوا حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے 45 ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر نقصان لینڈ سلائیڈنگ اور چھتوں کے گرنے باعث ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ریلیف کے کام کا آغاز کردیا ہے اور حکومتی مشینری ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
بارش کے باعث ضلع شانگلہ میں متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں چھتیں گرنے اور بارش کے دوران دیگر حادثات میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی، حادثے میں 9 سالہ بچہ عبداللہ ہلاک ہوا جبکہ ایک خاتون اور 11 سالہ شاہد زخمی ہوئے۔
چترال میں گرم چشمہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔
سوات میں بارش کے بعد دریائے سوات سے ملحقہ ندی نالے پانی سے بھر گئے۔