پاکستان

مردہ وہیل ماہی گیروں کے جال میں پھنس گئی

پسنی کے قریب گہرے سمندر میں ایک ٹن وزنی مردہ وہیل مچھلی جال میں اُس وقت پھنسی جب ماہی گیر شکار کر رہے تھے.
|

گوادر: صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی کے قریب سمندر میں ایک مردہ وہیل مچھلی ماہی گیروں کے جال میں پھنس گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق پسنی کے قریب گہرے سمندر میں مردہ وہیل مچھلی جال میں اُس وقت پھنسی جب ماہی گیر مچھلیوں کا شکار کر رہے تھے۔

ماہی گیر وہیل مچھلی کو جال سمیت کنارے پر لے آئے، جہاں مچھلی کو جال سے الگ کیا گیا۔

تاہم یہ واضح نہ ہو سکا کہ مچھلی جال میں پھنسنے سے قبل ہی ہلاک ہو چکی تھی یا اس کی موت جال میں پھنسنے کے بعد ہوئی۔

مزید پڑھیں : پاکستان میں وہیل شارک کا شکار

ماہی گیروں نے محکمہ فِش ہاربر کو اطلاع دی، جس کے تھوڑی دیر بعد عملہ موقع پر پہنچا اور وہیل مچھلی کو پسنی فش ہاربر منتقل کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پکڑی جانے والی مردہ وہیل مچھلی کا وزن ایک ٹن (ایک ہزار کلو) سے زائد تھا۔

مردہ وہیل دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جو اپنے موبائل فونز کے کیمروں سے اس کی تصاویر بنا رہے تھے۔

واضح رہے کہ 2 سال قبل اگست 2014 میں کراچی میں گھاس بندر کے ساحل پر 70 فٹ لمبی ایک وہسڑ وہیل مچھلی مردہ حالت میں لائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کے ساحل پر 'ستر فٹ' لمبی وہیل مچھلی

ابراہیم حیدری سے شکار کے لیے جانے والی دو لانچوں کے جال میں یہ مچھلی مردہ حالت میں پھنس گئی تھی۔

اس کے 2 ہفتے قبل بھی کراچی کے ساحل پر ایک دیو ہیکل وہیل مچھلی دیکھی گئی۔

ویڈیو دیکھیں : کراچی کے ساحل پر "دیوہیکل وہیل" کی موجودگی

ماہی گیروں نے کشتی کے قریب آنے والی اس بڑی مچھلی کی ویڈیو بھی بنائی جو بہت تیزی سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھی۔

خیال رہے کہ وہیل مچھلیاں سمندری آلودگی کے باعث ہلاک ہوتی ہیں جبکہ بعض اوقات ساحل کی جانب آنے کی کوشش کے دوران بھی یہ ساحلی ریت میں پھنس کر ہلاک ہو جاتی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔