کنگنا کے نیشنل ایوارڈ پر بولی وڈ ناخوش؟
بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے اس سال اپنے کیرئیر کا تیسرا نیشنل ایوارڈ حاصل کیا، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اُن کی اس کامیابی پر بہت سے لوگ ناخوش ہیں۔
کنگنا کو ان کی گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کے لیے تیسرا نیشنل ایوارڈ دیا گیا، جس پر بولی وڈ ناقدین نے بھی ردعمل کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: نیشنل ایوارڈ ایک بار پھر کنگنا کے نام
ہدایت کار سنجے بھنسالی تو پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ کنگنا ایک بہترین اداکارہ ہیں تاہم وہ چاہتے تھے کہ دپیکا یا پریانکا نیشنل ایوارڈ حاصل کرتی اور اب بولی وڈ کے ناقدین کا بھی کچھ یہی کہنا ہے۔
بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم ’پیکو‘ کی مصنف جوہی چترویدی کا کہنا تھا، ’مجھے کنگنا 'تنو ویڈز منو ریٹرنز' میں پسند آئیں لیکن دپیکا فلم 'پیکو' میں بہترین تھیں اور اپنے دوسری فلم میں مستانی کا کردار بھی دپیکا نے بہترین انداز میں ادا کیا، دپیکا کی اداکاری حیرت انگیز ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’نیشنل ایوارڈ دپیکا یا پریانکا کو ملنا چاہیے تھا‘
بولی وڈ ناقدین میں شامل راجا سین کا بھی اسی حوالے سے کہنا تھا ’دپیکا کی فلم 'پیکو' میں پرفارمنس نہایت مکمل تھی، انہوں نے فلم میں اداکاری کرکے ایک ایسا کردار پیدا کیا جس پر ہم سب بھروسہ کرسکتے ہیں، کنگنا نے اپنی فلم میں ڈبل کردار ادا کیا جس میں ان کا ایک روپ متاثر کن تھا جبکہ دوسرے نے کچھ خاص متاثر نہیں کیا‘۔
رپورٹ کے مطابق ایک معروف فلم ساز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا، ’کنگنا نے فلم تنو ویڈز منو ریٹرنز میں ایسا کیا خاص کام کیا؟ کوئی اس بات سے انکار نہیں کر رہا کہ کنگنا ایک بہترین اداکارہ ہیں لیکن دپیکا نے 'پیکو' میں ان سے بہت بہتر اداکاری کی اور نیشنل ایوارڈ دپیکا کو ہی ملنا چاہیے تھا‘۔
مزید پڑھیں: فلم فئیر ایوارڈز:'باجی راؤ مستانی' اور 'پیکو' سرفہرست
یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون نے گزشتہ سال تین فلموں میں کام کیا جس میں ’پیکو‘، ’تماشا‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ شامل ہیں۔
دپیکا کی تینوں ہی فلموں نے باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کی جس کے بعد سب کو یہی امید تھی کہ وہ اس سال نیشنل ایوارڈ حاصل کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: فلم 'تماشا' کا ٹریلر ریلیز
دوسری جانب کنگنا رناوٹ نے گزشتہ سال صرف دو فلموں میں کام کیا جس میں ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ اور ’کٹی بٹی‘ شامل ہے۔
کنگنا کی فلم ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کو ملا جلا ردعمل موصول ہوا جبکہ کنگنا کی اداکاری کو سراہا گیا جبکہ ان کی فلم ’کٹی بٹی‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی۔
مزید پڑھیں: باکس آفس کنگنا کی فلم سے کٹی؟
کنگنا کو اس سے قبل اپنی فلم ’فیشن‘ کے لیے معاون اداکارہ اور فلم ’کوئین‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے جبکہ دپیکا پڈوکون کو اب تک ایک بھی نیشنل ایوارڈ نہیں ملا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔