صحت

سیاہ چائے کے 9 حیرت انگیز طبی فوائد

یہ چائے جسم کے اندر اور باہر دونوں جگہ حیران کن طبی فوائد کی حامل ہوتی ہے۔

چائے پاکستان میں اکثر افراد کا پسندیدہ ترین مشروب ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کے استعمال کے کچھ طریقے ایسے بھی ہیں، جو آپ کو مختلف طبی مسائل سے نجات دلانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں؟

جی ہاں سیاہ چائے جسم کے اندر اور باہر دونوں جگہ حیران کن طبی فوائد کی حامل ہوتی ہے۔

ایسے ہی کچھ فائدے یہاں درج ذیل ہیں۔

خراشوں کے لیے

سیاہ چائے میں موجود مرکب خون روکنے والی دوا کی طرح کام کرتے ہیں اور اس کی مدد سے کھلے زخموں یا خراشوں سے خون کو بہنے سے روکا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک ٹھنڈے اور استعمال شدہ ٹی بیگ کو نرمی سے متاثرہ جگہ پر دبائیں جس سے تکلیف اور سوجن میں کمی محسوس ہوگی۔

پیروں کی بو سے نجات

تیز سیاہ چائے میں موجود تیزابی خوبی بیکٹریا کو ختم کرتی ہے اور اس سے پیروں پر آنے والے پسینے میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے لیے 2 ٹی بیگز کو آدھا لیٹر پانی میں 15 منٹ تک ابالیں، اس کے بعد ٹی بیگز کو نکال کر چائے کو آدھے گیلن پانی میں ڈال دیں۔ اب اس مکسچر کو ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر اپنے پیروں کو پندرہ سے تیس منٹ تک ڈبو کر رکھیں۔ اس عمل کو کچھ دن تک روزانہ دہرائیں۔

مسوڑھوں کی صحت میں بہتری

سیاہ چائے میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ٹشوز کی سوجن کم کرنے کے ساتھ مسوڑھوں سے خون بہنے کو روکتے ہیں۔ اگر آپ کے مسوڑھے سوج رہے ہیں تو بھیگے ہوئے ٹی بیگز کو براہ راست ان پر لگائیں۔ آپ چائے کو بھی ماﺅتھ واش کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں جس سے مسوڑھوں کی صحت میں بہتری آتی ہے۔ اگر تحفظات ہوں تو ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ کو چیک کروائیں۔

آنکھوں کی خارش میں کمی

اگر آنکھیں خشک اور ان میں خارش ہورہی ہو تو 2 ٹی بیگز کو گرم پانی میں 10 منٹ تک ڈبو کر رکھیں۔ باہر نکال کر اس میں سے اضافی پانی کو دبا کر نکال دیں اور پھر ٹی بیگز کو دس منٹ تک اپنی آنکھوں پر لگائے رکھیں۔ اس سے خارش میں آرام اور سوجن میں کمی آئے گی۔

ہونٹوں کے زخموں کا علاج

چائے میں فلیونوئیڈز اور کیفین موجود ہوتے ہیں، لہذا ہونٹوں کے کونوں پر زخم سے نجات کے لیے استعمال شدہ ٹھنڈے ٹی بیگ کو متاثرہ جگہ پر لگائیں اور دس منٹ تک دبا کر رکھیں۔ یہ عمل دن میں 3 سے 4 دفعہ دہرائیں۔

الرجیز کے لیے مفید

فلیونوئیڈز سے بھرپور ہونے کے باعث سیاہ چائے الرجیز سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ روزانہ کچھ کپ پینا آپ کی الرجی کی تکلیف میں کمی لانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

آشوب چشم کے عارضے میں کمی

اگر آپ اس تکلیف کا شکار ہیں تو گرم اور گیلے ٹی بیگ کو متاثرہ آنکھ پر 5 منٹ تک لگا کر رکھیں، اس کے بعد ایک ٹھنڈا اور گیلا ٹی بیگ 2 منٹ تک لگائے رکھیں۔ اس عمل سے سوجن میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ اس عمل کو دن میں نئے ٹی بیگز سے کئی بار دہرائیں۔

ہیضے سے بچائے

سیاہ چائے میں موجو تیزابیت آنتوں کی صفائی کرتی ہے جس سے جسم کو سیال مواد جذب کرنے میں مدد ملتی ہے اور آنتوں کی سوجن میں کمی آتی ہے۔ بہتر فائدے کے لیے بغیر کیفین کی سیاہ چائے کو پی کر دیکھیں جس میں آپ شہد بھی ملا سکتے ہیں۔

جوتوں سے بننے والے زخموں کا علاج

اگر تو جوتوں کے نتیجے میں ایڑی پر زخم بن گئے ہیں تو گرم ٹی بیگ کو استعمال کرکے دیکھیں، اس میں موجود قدرتی اجزاء میں جراثیم کش خوبیاں ہوتی ہیں، جبکہ اس عمل کو دن میں 5 بار دس سے پندرہ منٹ تک دہرائیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔